بھارت کی ایک اور سازش بے نقاب ،فیک انکاؤنٹرزاسپیشلسٹ بھارتی فوج کافالس فلیگ آپریشن ناکام
05:20 PM, 28 Oct, 2023
ہندوستان کی ایک اور بھونڈی سازش بے نقاب ہو گئی ہے. آزاد کشمیر کی وادی نیلم سے تعلق رکھنے والے 5 کشمیری نوجوان جڑی بوٹی کی تلاش میں نکلے تھے لیکن غلطی سے لائن آف کنٹرول پار کر بیٹھے، جس پر بھارتی فوج نے انھیں پکڑ کر فالس فلیگ آپریشن کا نشانہ بنا دیا۔ وادی نیلم کی گریس ویلی ساؤناڑ سے تعلق رکھنے والے پانچ نوجوان 2 دن پہلے جڑی بوٹی کی تلاش میں گھر سے نکلے تھے اور پھر واپس نہیں آئے، مقامی انتظامیہ اور متاثرہ خاندانوں کے مطابق گمشدہ افراد میں 33 سالہ محمد فیض ولد منگٹا، 26 سالہ شیر افضل ولد نور عالم، 37 سالہ صدیق ولد طواسین، 33 سالہ غلام رسول ولد خان ولی، اور 40 سالہ سرفراز ولد حافظ اللہ شامل تھے۔ متاثرہ گھر والوں نے اِن جوانوں کی گمشدگی کی رپورٹ فوری طور پر مقامی پولیس کو درج کروا کر ایف آئی آر کٹوا دی، تاہم آج دو دن بعد اچانک را سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ہندوستانی اخباروں نے جھوٹا اور من گھڑت پروپیگنڈا شروع کر دیا، را سے جڑے سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے 5 نام نہاد دہشت گردوں کو پکڑنے کا ڈھونگ رچانا شروع کر دیا، کچھ دیر بعد ہندوستانی اخباروں اور پروپیگنڈا بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے ان پانچ نام نہاد دہشت گردوں کو مارے جانے کا ڈھونگ بھی شروع کر دیا۔ مکاری اور سفاکی کے واقعات سے بھرے بھارتی ماضی کو دیکھتے ہوئے یہ خدشہ ہے کے بھارتی قابض افواج نے جڑی بوٹیاں اکھٹی کرتے ہوئے غلطی سے ایل او سی کراس کرنے والے ان جوانوں کو شاید مار دیا ہے، اب ہندوستانی فوج اور جنونی میڈیا ان نہتے اور معصوم لوگوں کو دہشت گردی سے جوڑ کر نام نہاد دہشت گردوں کی در اندازی کا جھوٹا الزام پاکستان پر لگانا شروع ہو گیا ہے۔ کینیڈا، قطر، انگلینڈ اور دنیا میں ہزیمت اٹھانے کے بعد ہندوستان اس وقت پوری دنیا میں منہ دیکھانے کے قابل نہیں رہا، سیکیورٹی ماہرین کی اس بات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کہ مودی سرکار اپنے سیاسی فائدے اور حالیہ بین الاقوامی جگ ہسائی کو چھپانے کے لیے پاکستان کے خلاف گھٹیا اور اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے۔ یاد رہے 27 اکتوبر کو قطر نے 8 انڈین نیوی آفیسرز کو جاسوسی کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی، جس سے ہندوستان کی دنیا بھر میں رسوائی ہوئی۔ اِسی ہزیمت کو چھپانے کے لیے ہندوستانی فوج نے ظفر وال سیکٹر میں بِلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کر کے پاکستان میں سول آبادی کو بھی نشانہ بنایا۔ اِس سے پہلے بھی انڈین انٹیلی جنس ایجنسیز کینیڈا اور انگلینڈ میں سکھوں کو قتل کرنے میں ملوث پائی گئی ہیں، جس سے ہندوستان پوری دنیا میں بدنام ہو چکا ہے۔