لاہور آج بھی آلودہ شہروں میں پہلے نمبر پر، اسکولوں کے اوقات کار تبدیل

08:39 AM, 28 Oct, 2024

ویب ڈیسک: لاہور میں آلودگی اور اسموگ کا راج برقرار ہے، دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں صبح سویرے لاہور کا پہلا نمبر ہے، اسموگ کے باعث اسکولوں کے اوقات کار تبدیل کر دیے گئے۔

محکمہ تعلیم پنجاب کے مطابق لاہور کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں میں تدریسی عمل صبح 8 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوگا۔

اسکولوں میں اوقات کار کی تبدیلی آج سے 31 جنوری تک رہے گی، اوقات کار میں تبدیلی محکمہ ماحولیات کے احکام کے مطابق کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ ماحولیات پنجاب نے اسموگ کے باعث اوقات کار میں تبدیلی کی ایڈوائس دی تھی۔

پنجاب میں ماحول آلودہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز

دوسری جانب پنجاب میں ماحول آلودہ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئیں، محکمہ تحفظ ماحول نے لاہورمیں 4 فیکٹریاں مسمار کردیں۔

لیہ میں زیگ زیگ پر منتقل نہ ہونے والے چھ، شیخوپورہ میں 4 بھٹے گرا دیے گئے۔

راولپنڈی میں بھی ایک بھٹہ ڈھا دیا گیا، دھواں چھوڑنے والی 234 گاڑیوں کے چالان کیے گئے جبکہ 72 گاڑیاں بند کی گئیں اس کے علاوہ 5 لاکھ 30 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

لاہوریوں کو شہر کو اسموگ فری بنانے کیلئے ان ایکشن ہونا پڑے گا، مریم اورنگزیب

سینٸرصوباٸی وزیر مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ لاہوریوں کو اب شہر کو اسموگ فری بنانے کے لیے ان ایکشن ہونا پڑے گا، لاہوری انسداد سموگ ایکشن پلان کا حصہ بنیں، نہ خود سموگ کا باعث بنیں اور نہ کسی اور کو اپنا شہر گندا کرنے دیں، کسی بھی سموگ زدہ سرگرمی کی ون تھری سیون تھری پر اطلاع دیں۔

 طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاط کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ عوام احتیاط کا مظاہرہ کریں، سر پر ٹوپی یا رومال ضرور رکھیں، طبی ماہرینناک، منہ اور سر ڈھانپ کر رکھیں جبکہ شہریوں نے حکومتی اقدامات کو ناکافی قراردے دیا ۔

مسافروں کی طیارے میں اسموگ کی شکایت

فلائی جناح کی کراچی سے لاہور کی پرواز میں مسافروں نے طیارے میں اسموگ کی شکایت کی ہے۔ طیارے کے لاہور ائرپورٹ پر لینڈنگ کے لئے نیچے آتے پانچ ہزارفٹ کی بلندی پر پچھلے حصے میں اسموگ کی موجودگی ظاہر ہوئی۔ 

ایک ہزار فٹ کی بلندی پر اسموگ کی زیادہ موجودگی کو عملے نے بھی محسوس کیا۔ اسموگ کی موجودگی بارے مسافروں کی شکایت سے عملے نے کپتان کو آگاہ کیا۔ پرواز کے کپتان نے ایوا برج کے بجائے طیارے کو رن وے کی سائیڈ پر پارک کیا۔

مسافروں کو مینول سیڑھی کے ذریعے طیارے سے نیچے اتارا گیا۔ 10 بجے شب لاہور ائرپورٹ لینڈ کرنے والی پرواز نمبر 846 میں اسموگ بارے پاکستان ائرپورٹس اتھارٹی کو آگاہ کر دیا گیا۔

مزیدخبریں