ملک بھر میں بارشیں کب اورکہاں ہوں گی؟محکمہ موسمیات نے نوید سنادی

09:52 AM, 28 Oct, 2024

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی جبکہ کراچی میں آج بھی موسم بدستور گرم ہے جس کے سبب آج درجہ حرارت 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔

تفصیلا ت کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان،کشمیر اور خطہ پوٹھوہارمیں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ شام/رات میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا تا ہم نارووال، لاہور، شیخوپورہ، فیصل آباد اور گرد و نواح میں صبح کے اوقات میں سموگ کا امکان ہے جبکہ مری،گلیات، راولپنڈی، اٹک چکوال اور جہلم میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ شام یا رات میں تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے بیشتر بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مانسہرہ اور ایبٹ آبادمیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ رات میں پشاور، خیبر، مہمند، صوابی، ہری پور، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ اور کرم میں جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

کشمیر اورگلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ شہر قائد میں موسم آج بھی گرم اور خشک رہے گا، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں کم از کم درجہ حرارت 25 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر قائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جنوب مغرب سمت سے 7 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 83 فیصد ہے۔

مزیدخبریں