پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن مستعفی، جیسن گلیسپی نئے کوچ مقرر

10:24 AM, 28 Oct, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ گیری کرسٹن نے کوچنگ سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ان کی جگہ اب جیسن گلیسپی کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق انہیں یہ ذمہ داری فی الوقت دورہ آسٹریلیا کیلئے سونپی گئی ہے تاہم مستقل بنیادوں پر بھی انہیں ہیڈ کوچ تعینات کیا جاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے ایکس پر اپنی ٹوئٹ میں گیری کرسٹن کے استعفے کی تصدیق کردی ہے اور جیسن گلیسپی کو دورہ آسٹریلیا کیلئے ہیڈکوچ کی ذمہ داریاں سونپنے کا اعلان بھی کردیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق پی سی بی سے اختلافات کے باعث گیری کرسٹن استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔ گیری کرسٹن اور پی سی بی کے درمیان متعدد معاملات پر اختلافات تھے۔ گیری کرسٹن مینٹل پرفارمنس کوچ ڈیوڈ ریڈ کو کوچنک اسٹاف میں رکھنا چاہتے تھے۔

گزشتہ روز اس قسم کی خبریں سامنے آئی تھیں کہ گیری کرسٹن اور پی سی بی کے درمیان ٹیم سلیکشن اور سپورٹ اسٹاف کے معاملے پر شدید اختلافات ہیں اور گیری کرسٹن نے مطالبات نہ ماننے کی صورت میں دورہ آسٹریلیا میں ٹیم کے ساتھ نہ جانے کی دھمکی دی تھی۔

ذرائع نے بتایا کہ گیری کرسٹن نے اپنے معاہدے کے مطابق پاکستان میں موجودگی سے بھی انکار کردیا ہے، انہوں نے کسی بھی سیریز یا ٹوور سے ایک ہفتہ قبل پاکستان ٹیم کا کیمپ جوائن کرنے کا کہا حالانکہ معاہدے کے مطابق انہیں سال میں ایک مہینہ چھٹیوں کی اجازت تھی اور گیارہ ماہ قومی ٹیم کی سپر ویژن کرنا تھی۔

اس سے قبل گیری کرسٹن نے چیمپئینز کپ کے دوران یا اسکے علاوہ بھی موجودگی سے انکار کردیا تھا۔

انہوں نے ڈیوڈ ریڈ کے معاہدے کی وضاحت مانگی اور نہ دینے کی صورت میں آسٹریلیا نہ جانے کی بھی دھمکی دے ڈالی جبکہ پی سی بی گیری کرسٹن کے ساتھ کئے جانے والے معاہدے پر سو فیصد عملدرآمد کا خواہشمند ہے۔

پی سی بی نے اپنے موقف پر قائم رہتے ہوئے گیری کرسٹن کی دھمکیوں میں نہ آنے کا فیصلہ کیا ہے اور حکام اس بات پر ڈٹ گئے ہیں کہ جو فیصلہ کرنا وہ گیری کرسٹن نے کرنا ہے۔

مزیدخبریں