ویب ڈیسک: لارنس بشنوئی کیجانب سے قتل کی سنگین دھمکیوں اورگھر پر کی جانے والی فائرنگ کے بعد بالی ووڈ کے دبنگ خان ( سلمان خان) کی سیکیورٹی میں غیرمعمولی اضافہ کردیا گیا ہے۔ جب کہ ان کی شوٹنگ کے موقع پر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات رہتے ہیں۔ اس سب کے باوجود سلمان خان نے اب ایک دبنگ اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سلمان سیکورٹی کے درمیان بگ باس 18 کی شوٹنگ کر رہے ہیں۔ اب حال ہی میں انہوں نے "دا-بنگ دی ٹور ری لوڈڈ" کا اعلان کیا ہے۔ جس کا پوسٹر انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر شیئر کیا ہے۔ جس کے ساتھ انہوں نے کیپشن لکھا کہ ' دبئی دا-بنگ دی ٹور کے لیے تیار ہو جائیے، جو کہ 7 دسمبر 2024 کو منعقد کیا جائے گا۔'
شو میں کون کون سے مشہور شخصیات شامل ہوں گی؟
سلمان خان کے ساتھ مشہور شخصیات سوناکشی سنہا، دیشا پٹانی، تمنا بھاٹیہ اور جیکلین فرنینڈس اس دی بینگ دی ٹور میں سلمان خان کے ساتھ شامل ہوں گی۔ ان کے ساتھ اداکار اور ڈانسر پربھودیوا، مزاحیہ اداکار منیش پال، آستھا گل اور سنیل گروور بھی اس شو کا حصہ ہوں گے۔
پوسٹر میں بتایا گیا ہے کہ یہ شو 4 گھنٹے سے زائد جاری رہے گا جس میں نان اسٹاپ ڈانس، میوزک اور تفریح ہوگا۔ زندگی میں آنے والے بہت سے خطرات کے درمیان، بھائی جان اپنے مداحوں کو تفریح فراہم کرنے کے لیے جرات مندانہ قدم اٹھانے سے پیچھے نہیں ہٹ رہے ہیں۔
سلمان خان کی آنے والی فلم سکندر ہے جس میں وہ رشمیکا مندانا کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گے۔ یہ فلم 2025 کی عید پر ریلیز ہوگی۔ اس فلم کو ساجد ناڈیاڈوالا پروڈیوس کررہے ہیں۔ اس کے ڈائریکٹر اے آر مرگوداس ہیں۔ سلمان فی الحال بگ باس 18 کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔
یاد رہے کہ سلمان خان کو بشنوئی گینگ کی جانب سے مسلسل جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ ان کے والد سلیم خان کو بھی چند روز قبل جان سے مارنے کی دھمکیاں موصول ہوئی تھیں۔