رواں سال کی تیسری ملک گیر پولیو مہم کا آغاز کردیا

02:44 PM, 28 Oct, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان میں حکومت نے پانچ سال سے کم عمر کے چار کروڑ 50 لاکھ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلانے کے لیے ملک گیر مہم کا آغاز کیا ہے۔

اس ملک گیر مہم کا آغاز ایک ایسے وقت ہوا ہے جب پاکستان میں پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد میں گذشتہ تین سالوں کے مقابلے میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے۔

انسدد پولیو مہم نے ایک بیان میں کہا کہ یہ اس سال پاکستان کی تیسری ملک گیر مہم ہے جو حالیہ پولیو کیسز میں تشویشناک اضافے کے پیشِ نظر شروع کی گئی ہے۔ رواں سال پاکستان میں اب تک 41 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ 71 اضلاع پولیو سے متاثر ہیں۔

انسداد پولیو کے قومی اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں اب تک رواں سال پولیو کے 41 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے بلوچستان میں 21، سندھ میں 12، خیبر پختونخوا میں 6، پنجاب اور اسلام آباد سے ایک ایک کیس شامل ہے۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ’پاکستان میں پولیو دوبارہ سر اٹھا رہا ہے، جو ہمیں اس خطرے پر قابو پانے کی اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔ ہمیں متحد اور پُرعزم ہو کر اس جنگ کو لڑنا ہوگا، یہاں تک کہ ہم ایک پولیو سے پاک پاکستان کا خواب پورا کریں۔‘

انسداد پولیو مہم کے بیان میں کہا گیا کہ یہ مہم 28 اکتوبر سے 3 نومبر تک جاری رہے گی ’جس کا مقصد پانچ سال سے کم عمر کے 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ہے۔ اس کے علاوہ، بچوں کی قوت مدافعت کو مضبوط کرنے کے لئے وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائے گی۔‘

مزیدخبریں