انٹرنیٹ میں خلل کے باعث سوشل میڈیا اپلیکیشنز کی سست روی ، پی ٹی اے کی انوکھی منطق

06:29 PM, 28 Oct, 2024

(ویب ڈیسک ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) کا کہنا ہے کہ  میٹا پلیٹ فارمز سب سے زیادہ صارفین ہونے کے باعث سست روی کا شکار ہوئے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ  میٹا پلیٹ فارمز کے علاوہ دیگر سوشل میڈیا نیٹ ورکس کم متاثر ہوئے،  فیس بک اور وٹس ایپ سروسز زیادہ متاثر ہوئیں، میٹا اپلیکیشن فیس بک کے پاکستان میں 50 ملین صارفین ہیں، وٹس ایپ پاکستان میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ریئل ٹائم اپلیکیشن ہے۔

  پی ٹی اے  کے مطابق  جون 2024 میں SMW4 کٹنے سے 1.5 ٹیرا بائیٹس فی سیکنڈ ڈیٹا کی کمی ہوئی،  بعد ازاں AAE-1 کیبل میں خرابی سے 0.25 ٹیرا بائٹس فی سیکنڈ ڈیٹا کی کمی ہوئی۔

  پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ  صارفین کو مطلع کیا گیا کہ رش کے گھنٹوں میں انٹرنیٹ سست رہے گا، ٹیلی کام آپریٹرز نے فوری طور پر ٹریفک کو متبادل روٹس پر منتقل کیا۔

ماہ اگست میں پی ٹی اے کو وٹس ایپ سروسز متاثر ہونے کی شکایات موصول ہوئیں۔ پی ٹی اے نے ٹیلی کام آپریٹرز کو فوری طور پر مسئلے کے حل کی ہدایت دی۔

پی ٹی اے نے دعویٰ کیا ہے کہ  ستمبر کے پہلے ہفتے میں وٹس ایپ، فیس بُک کی سست روی کا مسئلہ حل ہوگیا۔

پی ٹی اے کا مزید کہنا تھا کہ  سب میرین کیبل ایس ایم ڈبلیو فور ٹھیک ہونے سے صورتحال نارمل ہوجائے گی۔

مزیدخبریں