اسلام آباد(پبلک نیوز) پاکستان میں کورونا وائرس کی ویکسین کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیتے ہوئے اب بچوں کو بھی ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ ملک بھر میں 12 سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کو ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسد عمر نے کہا سکولوں میں ویکسینیشن کے لیے ایک خصوصی مہم چلائی جائے گی تاکہ بچوں کو ویکسین دینا آسان ہو۔اس سے قبل حکومت نے یکم ستمبر سے 17 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ویکسین لگانے کی منظوری دی تھی۔
این سی او سی کے اعدادوشمار کے مطابق ملک میں 27 ستمبر کو کووڈ 19 کی 9 لاکھ 61 ہزار 340 ویکسین لگائیں، اب تک پاکستان نے 7 کروڑ 95 لاکھ 31 ہزار 641 خوراکیں دی ہیں۔این سی او سی نے عوام کو فوری طور پر ویکسین لگوانے پر زور دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ یکم اکتوبر سے ویکسین نہ لگوانے والے افراد کو مختلف پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1400 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو کہ 5 جولائی کے بعد سب سے کم ہے۔ سب سے زیادہ نئے کیسز پنجاب سے 574، سندھ میں 535 اور خیبر پختونخوا میں 143 رپورٹ ہوئے۔کیسوں کی کل تعداد 1،241،825 ہے اور مثبت شرح 3.1 فیصد ہے۔ کورونا وائرس سے مزید 41 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 27،638 تک پہنچ گئی ہے۔