شہباز شریف نےہی آڈیوز لیک کی ہیں،عمران خان
09:57 AM, 28 Sep, 2022
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ہی آڈیوز لیک کی ہیں ۔ سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پنجاب ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نےہی آڈیوز لیک کی ہیں، ابھی تو سائفر پر کھیلا ہی نہیں، اب یہ بے نقاب کریں گے تو کھیلیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پھر مطالبہ دہرادیا کہ سائفر کی تحقیقات ہونی چاہیے،انہوں نے کہا کہ چاہتا ہوں سائفر کو پبلک کیا جائے۔ اس سے قبل امریکی سائفر سے متعلق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور اعظم خان کی آڈیو لیک سامنے آئی تھی، آڈیو میں عمران خان کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’اب ہم نے صرف کھیلنا ہے، امریکا کا نام نہیں لینا، بس صرف یہ کھیلنا ہے کہ اس کے اوپر کہ یہ ڈیٹ پہلے سے تھی جس پر اعظم خان نے جواب دیا کہ میں یہ سوچ رہا تھا کہ اس سائفر کے اوپر ایک میٹنگ کر لیتے ہیں‘۔ اعظم خان کو آڈیو میں یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’آپ کو یاد ہے تو آخر میں ایمبیسڈر نے لکھا تھا کہ ڈیمارچ کریں، اگر ڈیمارچ نہیں بھی دینا تو میں نے سوچا ہے کہ اس کو کور کیسے کرنا ہے؟ ایک میٹنگ کریں شاہ محمود اور فارن سیکرٹری کی جس میں شاہ محمود لیٹر پڑھ کر سنائیں گے اور وہ جو بھی پڑھ کر سنائیں گے اس کو کاپی میں بدل دیں گے وہ میں منٹس میں کر دوں گا، فارن سیکرٹری نے یہ چیز بنا دی ہے‘۔