'عمران کی لیک آڈیو کا فارنزک آڈٹ کروانے جا رہے ہیں'

11:54 AM, 28 Sep, 2022

احمد علی
اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران کی لیک آڈیو کا فارنزک آڈٹ کروانے جا رہے ہیں، اگر آڈیو درست ہے تو عمران خان کو قوم کے سامنے بےنقاب کرنا چاہیے۔ وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور اعظم خان کی آڈیو لیک ہوئی ہے، جس میں اعظم خان کہتے ہیں کہ منٹس ان کے ہاتھ میں ہیں جو چاہیں گے کر لیں گے۔ رانا ثناء اللّٰه نے کہا کہ عمران خان جھوٹا ہے، قوم کے ساتھ فراڈ کر رہا ہے، انہوں نے ملکی معیشت اور سیاسی کلچر کو تباہ کیا،اس نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ آڈیو میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کہہ رہے ہیں کہ ہمیں صرف کھیلنا ہے، طلبا کو کہوں گا کہ عمران خان کا مکروہ چہرہ یہ ہے۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کو تقسیم کرنا چاہتا ہے، انہوں نے قوم کو گمراہ کرنے کے لیے امریکی سازش کا بیانیہ بنایا، یہ فتنہ ملک اور قوم کو کسی حادثے سے دوچار کر سکتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان قوم کو گمراہ کر کے کہتے رہے کہ امریکی سازش سے اس کی حکومت ختم ہوئی، سیاسی فتنے کو سیاسی طور پر ختم نہیں کریں گے تو وہ باقی رہے گا۔ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ عمران خان پہلے کہتے رہے کہ اس کی ویڈیو ہے جس میں اس کی کردار کشی کی جائے گی، وہ ویڈیو نہ بتانے والی ہے اور نہ دکھانے والی ہے۔
مزیدخبریں