مون واک میں پہنی گئی مائیکل جیکسن کی ٹوپی دو کروڑ روپے سے زائد میں نیلام
04:35 PM, 28 Sep, 2023
پاپ دنیا کے بادشاہ مائیکل جیکسن کی مشہور زمانہ ہیٹ (ٹوپی) 2 کروڑ 35 لاکھ روپے سے زائد میں نیلام ہوگئی ہے۔ کنگ آف پاپ نے اپنی شہرت کی بلندی پر 1983 میں موٹاؤن میں ایک ٹیلی ویژن کنسرٹ کے دوران اپنے ہٹ گانے"بلی جین" کو پیش کرتے ہوئے ٹوپی ایک طرف پھینک دی تھی، اور اب چار دہائیوں بعد وہی ٹوپی پیرس میں نیلامی کے لیے پیش کی گئی۔ مائیکل جیکسن نے بلیک فیڈورا نامی یہ ٹوپی اپنے مشہور ڈانس اسٹیپ مون واک میں بھی پہنی تھی جب کہ یہ ٹوپی ان کی بہت سے پرفارمنسز کے دوران بھی زیر استعمال رہی۔ مائیکل جیکسن 25 جون 2009 کو 50 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔ ان کے مشہور گانوں میں بیٹ اٹ(Beat it)، اسموتھ کرمنل (smooth criminal) ، وی آر دی ورلڈ (we are the world) سمیت دیگر گانے شامل ہیں جسے لوگ آج بھی سننا پسندکرتے ہیں۔