ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہ دینے پر ڈی سی لاہور کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق رجسٹرار آفس نے ڈی سی لاہور کیخلاف توہین عدالت کی درخواست 30 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کردی، جسٹس فاروق حیدر درخواست پر سماعت کرینگے۔
درخواست گزار کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا ہے کہ ڈی سی لاہور نے عدالتی احکامات کے باوجود جلسے کی اجازت نہیں دی، عدالت ڈی سی لاہور کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔
قبل ازیں ذرائع ڈی سی آفس کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے پی ٹی آئی کو مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے کاہنہ میں ہونے والا جلسہ مقررہ وقت پر ختم نہیں کیا گیا جس وجہ سے مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت ملنا مشکل ہے۔
ذرائع ڈی سی آفس کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے کاہنہ جلسے میں این او سی کی خلاف ورزی کی،پاکستان تحریک انصاف نے مینار پاکستان میں جلسے کی اجازت کے لیے ڈی سی آفس میں دو درخواستیں دی ہوئی ہیں۔ایک درخواست وکیل پی ٹی آئی سلمان ابوزر اور دوسری درخواست سنٹرل پنجاب کے نائب صدر اکمل خان باری کی جانب سے دی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی سالگرہ کی مناسبت سے جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ درخواست کے متن کے مطابق جلسے کا وقت 5 بجے سے 10 بجے تک رکھنے کی اجازت مانگی گئی ہے۔