عمران ،اسرائیل گٹھ جوڑ کے خلاف کراچی اورلاڑکانہ میں دینی جماعتوں کااحتجاج

12:08 PM, 28 Sep, 2024

ویب ڈیسک: اسرائیل کو تسلیم کرنے کی عمران خان کی خفیہ کاوشوں کیخلاف دینی جماعتوں نے احتجاج شروع کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی اور لاڑکانہ میں   دینی جماعتوں کے احتجاجی مظاہرے،احتجاجی مظاہروں کے دوران بانی پی ٹی آئی کے پتلے جلائے گئے، مظاہرین کی جانب سے پاکستانی عوام سمیت پوری امت مسلمہ سے علانیہ معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ  کراچی کے ضلع ملیر میں قومی یکجہتی کونسل کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے شرکت کی۔

دوسرا بڑا مظاہرہ لاڑکانہ میں کیا گیا جس کا اہتمام پاکستان علما کونسل نے کیا تھا، احتجاجی مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر عمران اسرائیل گٹھ جوڑ کے خلاف مختلف نعرے درج تھے۔

مقررین کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے حوالے سے عمران خان کا موقف سوالیہ نشان ہے، عمران خان کی ڈھٹائی کی انتہا یہ ہے کہ اسرائیلی اخبارات میں ان کی رہائی اور دوبارہ اقتدار میں لانے کے حوالے سے علانیہ لابنگ بھی شروع ہو گئی ہے۔  دی ٹائمز آف اسرائیل اور دی یروشلم پوسٹ نے تو اب یہ بھی لکھ دیا ہے کہ عمران خان کا بظاہر موقف اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے کے حوالے سے ہے۔

مقررین کا مزید کہنا ہے کہ  اندرونی طور پر عمران خان نے عالمی اسٹیبلشمنٹ کو یہ یقین دلا دیا ہے کہ وہ پاکستانی عوام اور اسٹیبلشمنٹ کو اس حوالے سے رام کر سکتا ہے۔ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کا کوئی بھی فیصلہ دینی جماعتوں اور تنظیموں کے کارکنوں اور علماء کرام کی لاشوں پر ہی ہو سکتا ہے۔

مظاہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ اس گھناؤنی حرکت پر عمران خان نہ صرف پوری پاکستانی قوم بلکہ پوری امت مسلمہ سے معافی مانگے۔  اسرائیل کے ساتھ آئندہ کسی بھی قسم کا تعلق نہ رکھنے کا اعلان کیا جائے۔

مزیدخبریں