پنجاب میں کورونا ویکسینیشن سینٹرز بڑھانے کی تیاری مکمل

02:45 PM, 29 Apr, 2021

احمد علی

لاہور ( پبلک نیوز) پنجاب میں کورونا ویکسینیشن سینٹرز کی تعداد 246 تک بڑھانے کیلئے پلان تیار، 111نئے ویکسینیشن سینٹرز قائم کئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزراء راجہ بشارت، ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹری پنجاب اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت۔ اس کے علاوہ ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعہ شریک ہوئے۔

اجلاس میں شہریوں کی سہولت کے لیے موبائل ویکسینیشن سینٹرز قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور لائی گئی۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا کہ محکمہ صنعت ہسپتالوں میں آکسیجن کی بلاتعطل فراہمی کیلئے محکمہ صحت کو مکمل معاونت فراہم کرے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ صوبہ میں ویکسینیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ روزانہ ویکسیئن لگانے کی صلاحیت کو دوگنا کیا جائے گا۔ ہسپتالو ں میں بیڈز کی دستیابی سے متعلق عوام کی رہنمائی کیلئے ہیلپ لائن 99211136قائم کی گئی ہے۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے ہدایت کی کہ مارکیٹوں، بازاروں کی بندش کے اوقات، ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ محکمہ داخلہ تما م شہروں میں ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق روزانہ رپورٹ پیش کرے۔

اجلاس میں کوویڈ مریضوں کے لیے ہسپتالوں میں سہولتوں، آکسیجن کی فراہمی اور ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ بھی کیا گیا۔

مزیدخبریں