شہبازشریف کا حکومت سے جنگی بنیادوں پر ویکسین فراہمی کا مطالبہ

05:04 PM, 29 Apr, 2021

احمد علی

لاہور ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہر محاذ پر ناکام حکومت کورونا کے پھیلاو کو روکنے میں سنگین بدانتظامی سے قوم کی اجتماعی زندگی خطرے میں ڈال چکی ہے۔ حکومتی سطح پر جامع حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے انتظامی اور حکومتی نظام مکمل طورپر مفلو ج اور معطل ہوچکا ہے۔ کورونا ویکسین کی خریداری اور شہریوں کوبروقت فراہمی ہوتی تو اس ہلاکت خیز وائرس کوپھیلنے سے روکا جاسکتا تھا۔

پارٹی ارکان پارلیمان سے ملاقات کے دوران حکومت سے شہبازشریف نے جنگی بنیادوں پر ملک بھر میں ویکسین کی فراہمی کا عمل شروع کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ ہسپتالوں کا انتظام بھی افراتفری کا شکار ہے، متبادل انتظامات کی غیرموجودگی اورپیشگی تیاری کہیں دکھائی نہیں دے رہی۔ افسوسناک اور سنگین ترین امر یہ ہے کہ اس وقت بھی حکومت درپیش حالات کے مطابق اقدامات نہیں کررہی۔

ان کا کہنا تھا کہ حالات بدسے بدترین ہوتے جارہے ہیں اورحکومت سنگین ترین مجرمانہ غفلت کی مرتکب ہورہی ہے۔ این سی او سی پیش بندی نہ کرسکی کہ آنے والے حالات کا رخ کیا ہوگا اور ہمیں طویل المدتی کیا لائحہ عمل اپنانا چاہئے۔ وائرس کی ملک میں آمد کی وجوہات، پھیلاو روکنے اور ویکسین فراہمی کے بنیادی پہلووں پر جامع نظام کی تیاری درکار تھی اور ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ اپنی جان چھڑانے کے لئے کسی دوسرے کے گلے ڈالنے والا رویہ ملک وقوم کو بحران سے نہیں نکال سکتا، نئے بحران میں دھکیل ضرور سکتا ہے۔ عمران نیازی اپنے لایعنی فلسفوں میں وقت برباد نہ کرتے، تیاری کرتے تو آج اموات 200 نہ پہنچتیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران نیازی صاحب کا تو کچھ نہیں گیا، البتہ خاندانوں کے خاندان اجڑنے سے معاشرہ تباہی و بدترین غربت، نفسیاتی مسائل سے دوچار ہورہا ہے۔

پارٹی رہنماوں اور ارکان پارلیمان نے شہبازشریف کو رہائی پر مبارکباد دی۔ جنوبی پنجاب سے پارٹی کے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ شہباز شریف نے رہائی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا۔ رہنماؤں نے پنجاب کے عوام کے لیے بالخصوص اور ملک بھر کے عوام کے لیے بالعموم شہباز شریف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

اراکین نے کہا کہ پنجاب کی عوام شہبازشریف کی عوامی خدمت کے شاندار اور مثالی دور کو آج یاد کر رہے ہیں۔ اراکین نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے لوگ مسلم لیگ (ن) کے دور کی ترقی کا سفر دوبارہ آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔

شہبازشریف نے پارٹی رہنماوں اور کارکنان کے حمایت کرنے اور ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ شہبازشریف نے پارٹی رہنماوں کو کورونا وباکی صورتحال اور اپنے اپنے حلقے میں غریب اور نادار افراد کی خصوصی دیکھ بھال کی ہدایت بھی کی۔

مزیدخبریں