محسن نقوی کاپاسپورٹ آفس کادورہ،عوام پھٹ پڑے،ڈائریکٹر تبدیل

12:34 PM, 29 Apr, 2024

عدنان ملک

ویب ڈیسک:(بیوروچیف عدنان ملک)و فاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کے دورہ کے موقع شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے،وزیر داخلہ نے آفس میں رشوت ستانی اور شہریوں کی تذلیل پر ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ آفس کو تبدیل کرنے  کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کے  مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن کا دورہ  کیا، محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس میں موجودہ شہریوں سے ملاقات کی، مسائل پوچھے،پاسپورٹ آفس میں موجود شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے،شہریوں کی شکایات کرتے ہوئے کہاکہ پاسپورٹ آفس کی دیواریں بھی پیسے مانگتی ہیں،پیسے دیں تو پاسپورٹ کو پہیے لگ جاتے ہیں،گارڈ سے لیکر اوپر تک ہر کوئی پیسے مانگتا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے استفسار کیا ڈائریکٹر صاحب! یہ کیا ہو رہا ہے؟ ہر کوئی ایجنٹ اور عملے کی جانب سے پیسے لینے کی شکایت کررہا ہے،ڈائریکٹر و اسسٹنٹ ڈائریکٹر کسی بھی سوال کا تسلی بخش جواب نہ دے سکے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی پاسپورٹ آفس کے حالات دیکھ کر برہم  ہو گئے،وزیر داخلہ نے ڈائریکٹر اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فوری پر طور پر تبدیل کرتے ہوئے  محکمانہ کارروائی کا حکم دیدیا۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ عملے کی ملی بھگت کے بغیر پیسے لینے کا سوال  ہی پیدا نہیں ہوتا۔

محسن نقوی نے شہریوں  سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ آپ کیلئے آیا ہوں، شکایات کا ازالہ کروں گا، شہریوں کو سہولت دینا ہماری ذمہ داری ہے۔

مزیدخبریں