(ویب ڈیسک ) طلباء و طالبات کے لیے لائسنس کالجز اور یونیورسٹیز میں بنے گا، اسلام آباد کے بزرگ شہریوں کو گھر پر ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی سہولت کا اعلان کردیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی میری اولین ترجیح ہے۔ آج ہم کالجز اور یونیورسٹیوں کے طلبا کو ان کی تعلیمی اداروں میں جا کر لرنر اور لائسنس کے اجرا اور تجدید کی سہولت فراہم کرنے کی سروس کا باقاعدہ آغاز کررہے ہیں۔ اس سروس کا مقصد طلبا و طالبات کا وقت ٹریفک دفتروں میں آنے جانے اور قطاروں میں لگ کر ضائع ہونے سے بچانا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آج سے اسلام آباد ٹریفک پولیس 70 سے زائد بزرگوں کے گھر جا کر لائسنس بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ٹریفک جام کی صورتحال سے بھی آگاہ ہوں ، اس مسئلہ کو حل کرنے کے لئے کچھ منصوبے جلد شروع کرنے جا رہےہیں۔
انہوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کوہدایت کی کہ آج سے اسلام آباد میں موجود ملک کے کسی علاقے کے شہری کو لائسنس جاری کئے جائیں۔ کسی کو اسلام آباد سے باہر عارضی یا مستقل پتہ ہونے پر واپس نہ بھیجا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کو منشیات اور تجاوزات سے پاک کرنے کا کام شروع کر دیاگیا ہے۔ تجاوزات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلہ پر بھی اسلام آباد میں من و عن عمل کریں گے۔ کسی کوبھی تجاوزات نہیں کرنے دیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کے شہدا کےاہل خانوں اور پولیس کی ویلفیئر بھی میری ترجیحات میں شامل ہیں۔ تین ماہ میں اسلام آبادکے تمام تھانوں کی صورتحال یکسر تبدیل کرکے دکھاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں پولیس تعلیمی اداروں سمیت اسلام آباد کے کونے کونے میں منشیات کے استعمال کے خلاف کاروائی عمل میں لا رہی ہے۔ پولیس منشیات سمگل کرنے والوں کو بھی پکڑ رہی ہے۔
انہوں نے اسلام آباد ٹریفک پولیس کوہدایت کی کہ آج سے اسلام آباد میں موجود ملک کے کسی علاقے کے شہری کو لائسنس جاری کئے جائیں۔ کسی کو اسلام آباد سے باہر عارضی یا مستقل پتہ ہونے پر واپس نہ بھیجا جائے۔