پی ڈی ایم نے صرف شو کیا جس میں کوئی پاور نہیں تھی

06:51 PM, 29 Aug, 2021

شازیہ بشیر
کراچی ( پبلک نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آج پی ڈی ایم نے صرف شو کیا جس میں کوئی پاور نہیں تھی۔ پی ڈی ایم کے جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسی نااہل اور غیر سنجیدہ اپوزیشن پاکستان کی تاریخ میں دیکھنے کو نہیں ملتی۔ یہ آئندہ سات سال بھی احتجاجی بینرز اٹھا کر گزارا کریں گے۔ پی ڈی ایم کا کراچی جلسہ دراصل پیپلزپارٹی کے خلاف تھا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شہبازشریف پر برادر خورد نہ باش کا محاورہ صادق آتا ہے۔ شہبازشریف بے چارے کو نوازشریف نے سوگنڈے سوڈنڈے کھانے کے لئے رکھا ہوا ہے۔ شہباز صاحب مہنگائی اس لیے ہوئی کیونکہ آپ کے بڑے بھائی داماد اور صاحبزادگان عوام کی جیب کاٹ کر لندن چلے گئے۔ عوام کے ذہنوں میں نعرہ "شیر آٹا کھا گیا" ابھی تازہ ہے۔ تین دہائیوں سے اقتدار پر مسلط موروثی خاندان کراچی کی ابتری اور سندھ کی بدحالی کے ذمے دار ہیں۔ سندھ کے عوام سوال کر رہے ہیں کہ ان کا سرمایہ کہاں گیا؟ کورونا وباء کے پیش نظر جلسوں کی صورت قانون اور ایس او پیز کی دھجیاں اڑانا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان حالات میں انہیں اپنے کارکنان سے کہنا چاہیے تھا کہ خود کو گھر تک محدود کرلیں لیکن یہ ذاتی سیاسی مفادات کی خاطر اپنے کارکنان کو بطور ایندھن استعمال کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔ اپوزیشن آخر کب تک معصوم عوام کی جانوں سے یوں ہی کھیلتی رہے گی؟ کورونا سے اپنوں کو کھونے والے باشعورعوام انھیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ مولانا صاحب سے گزارش ہے کہ اپنی سیاسی انا کی تسکین کے لیے خود کو مزید رسوا وی نہ کریں۔ وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مولانا نے جس اتحاد کی بھی قیادت کی وہ کامیاب نہ ہو سکا۔ایم ایم اے کی مثال سب کے سامنے ہے۔ کوئی شک نہیں سندھ میں اگلی حکومت پی ٹی آئی کی ہوگی۔
مزیدخبریں