افغانستان کے الزامات انتہائی افسوسناک ہیں، پاکستان
06:59 AM, 29 Aug, 2022
پاکستان نے افغانستان میں امریکی انسداد دہشت گردی ڈرون آپریشن میں پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال سے متعلق افغانستان کے قائم مقام وزیر دفاع کے الزامات پر گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بیانات سفارتی طرزِ عمل کے خلاف ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افغانستان کی جانب سے کسی ثبوت کے بغیر جیسا کہ خود افغان وزیر نے اعتراف کیا ہے، اس طرح کے قیاس آرائیوں پر مبنی الزامات انتہائی افسوسناک اور ذمہ دارانہ سفارتی طرز عمل کے اصولوں کے منافی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان تمام ریاستوں کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر اپنے یقین کا اعادہ کرتا ہے اور وہ ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔ ترجمان نے افغان عبوری حکام پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی جانب سے کئے گئے بین الاقوامی وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں کہ وہ اپنی سرزمین کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں گے۔