وزیراعظم شہباز شریف کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ

07:07 AM, 29 Aug, 2022

احمد علی
وزیراعظم محمد شہبازشریف نے پیر کو خیبر پختونخواکے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اورسیلاب کی صورتحال اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم نے نوشہرہ میں قائم کئے گئے امدادی کیمپ کادورہ بھی کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کو نوشہرہ میں سیلاب کی صورتحال ، ریسکیو اور امدادی کاروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے نوشہرہ میں مردان پُل پر سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیرِ اعظم کو دریائے کابل میں سیلابی صورتحال اور ریسکیو کے لئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور فوری ریسکیو کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایات کیں۔ اس موقع پروفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی اور وزیراعظم کے مشیر انجینئر امیر مقام بھی موجود تھے۔ دوسری جانب دریائے سندھ میں اٹک، دریائے کابل میں وارسک ، نوشہرہ اورادیزئی اور دریائے سوات میں چارسدہ کے مقامات پر آج اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ فلڈ سیل پشاور کے مطابق دریائے شاہ عالم میں تخت آباد کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ خیبر پختونخوا کے دوسرے دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں اور ان میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ ملک بھر میں مون سون کی جاری موسلا دھار بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار تینتیس ہو گئی ہے۔ قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے متعلقہ واقعات میں ایک ہزار پانچ سو ستائیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ این ڈی ایم اے کی طرف سے صورتحال کے بارے میں جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث روزمرہ کی زندگی مفلوج اور املاک اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ گلگت بلتستان اور آزاد جموں وکشمیر سمیت تمام صوبوں کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں کے باعث مجموعی طور پر تین ہزار چار سو اکاون کلومیٹر سے زائد شاہراہیں، ایک سو ستر دکانیں اور نو لاکھ انچاس ہزار آٹھ سو اٹھاون مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔ بارشوں سے سات لاکھ انیس ہزار سے زائد مویشیوں کا بھی نقصان ہوا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی موجودہ صورتحال پر غور کے لئے حکومت کے اتحادیوں کا ایک ہنگامی اجلاس آج اسلام آباد میں طلب کیا ہے۔ اطلاعات ونشریات کی وزیر مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا کہ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے اور اس میں مسلح افواج کی قیادت بھی شریک ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
مزیدخبریں