وزیر اعظم اور نواز شریف کیخلاف توہین عدالت کی درخواست خارج
12:23 PM, 29 Aug, 2022
اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست خارج کردی ہے۔ عدالت نے وکیل سید ظفر علی شاہ کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ یہ درخواست اب بھی زیر سماعت ہے، توہین عدالت کی درخواست یہاں قابل سماعت نہیں، لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف سے متعلق عبوری حکم نامہ جاری کیا، حکم نامے میں وفاقی حکومت کی عائد شرط ختم کی گئی۔ عدالت نے کہا کہ نہ ہی وفاقی حکومت اور نہ ہی نیب نے اس حکم نامے کوچیلنج کیا، اس لیے لاہور ہائی کورٹ میں زیر التوا معاملہ سننا اس عدالت کا اختیار نہیں ہے۔ خیال رہے کہ وکیل سید ظفر علی شاہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ نواز شریف بیماری کی غرض سے لاہور ہائی کورٹ کی اجازت سے بیرون ملک گئے تھے، نواز شریف کو بیرون ملک بھیجنے کے لیے شہباز شریف نے بیان حلفی جمع کرایا۔ درخواست میں ستدعا کی گئی کہ نواز شریف مختلف عدالتوں سے اشتہاری ہیں، شہباز شریف اور نواز شریف کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے، عدالت نواز شریف کی واپسی کے لیے احکامات جاری کرے۔درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، نواز شریف، وفاقی وزارت داخلہ اور وزارت خارجہ کو فریق بنایا گیا تھا۔