امریکی ڈالر 1 روپے 5 پیسے مہنگا،سونے کی فی تولہ قیمت بھی بڑھ گئی

06:45 PM, 29 Aug, 2023

احمد علی
کراچی : امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے قدر روز گرنے لگی۔ ڈالر آئے روز نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قدر میں ایک روپیہ پانچ پیسے کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جس کے بعد اس کی قیمت 303 روپے 5 پیسے ہو گئی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر بلند ترین سطح پر ہے، ڈالر مزید 2 روپے مہنگا ہو کر 321 روپے میں فروخت ہوا۔

اسٹاک ایکسچینج میں مندی:

کاروباری ہفتے کے دوسرے روز اسٹاک مارکیٹ مندی کا شکار رہی، 100 انڈیکس 708 پوائنٹس کمی کے بعد 46 ہزار 770 پر بند ہوا۔ حصص بازار میں 11 کروڑ 10 لاکھ شیئرز کے سودے 6 ارب 93 کروڑ میں طے ہوئے۔ 328 کمپنیز کے شیئرز کا لین دین ہوا، صرف 62 کمپنیز کے شیئرز کی قیمتیں بڑھیں، 244 کمپنیز کے شیئرز گر گئے۔ 22 کمپنیز کے شیئرز کی قمتیں مستحکم رہیں۔

سونے کی قیمت میں اضافہ : سونے کی فی تولہ قیمت 500 روپے بڑھ کر 2 لاکھ 33ہزار 500 روپے ہو گئی۔ 10 گرام سونے کا بھاو 429 روپے اضافے کے بعد 2 لاکھ 189 روپے رہا۔

مزیدخبریں