ڈی آئی خان: اعلیٰ فوجی افسر 2 بھائیوں اور بھانجے سمیت اغواء

12:27 PM, 29 Aug, 2024

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے علاقے ڈیرہ اسماعیل خان کی پولیس کا جمعرات کو کہنا ہے کہ مسلح افراد نے تحصیل کلاچی میں پاکستان فوج کے ایک لیفٹینٹ کرنل کو اپنے دو بھائیوں اور بھانجے سمیت اغوا کر لیا۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ ڈیرہ اسماعیل خان کے کلاچی تھانے کی حدود میں بدھ (28 اگست) کو شام چھ بجے کے قریب پیش آیا اور ان افراد کو اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ فوجی افسر کے والد کی فاتحہ خوانی کے لیے مسجد میں بیٹھے تھے۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ’یہ چاروں افراد مسجد میں فاتحہ خوانی کے لیے بیٹھے تھے کہ مسلح افراد انہیں اسلحے کے زور پر اغوا کر کے لے گئے۔‘

پولیس کے مطابق ان مغوی افراد میں شامل فوجی افسر کا ایک بھائی کنٹونمینٹ بورڈ راولپنڈی ممیں اسسٹنٹ کمشنر جبکہ دوسرا بھائی نادرا میں ملازم ہے۔

ڈی آئی خان پولیس کنٹرول روم کے انچارج نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ لیفٹننٹ کرنل، کنٹونمینٹ بورڈ کے اسسٹنٹ کمشنر اور نادرا کے ملازم کو بھانجے سمیت مسجد سے اغوا کیا گیا ہے۔

پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ’یہ چاروں افراد مسجد میں فاتحہ خوانی کے لیے بیٹھے تھے کہ مسلح افراد انہیں اسلحے کے زور پر اغوا کر کے لے گئے۔‘

تھانہ کلاچی کے ایک اہلکار نے سکیورٹی خدشات کی وجہ سے نام نہ بتانے کی شرط پر انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’تینوں سرکاری افسران اس علاقے میں مستقل نہیں رہتے تھے لیکن والد کی فاتحہ کے لیے آئے ہوئے تھے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’جس علاقے میں یہ واقعہ پیش آیا ہے وہ ایک آپریشنل ایریا ہے اور اسی کے قریب کوئٹہ ژوب کی سرحد ملتی ہے اور اس سے کچھ فاصلے پر افغانستان کی سرحد ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’کل سے پولیس اور سکیورٹی فورسز کی ٹیم اس معاملے کو دیکھ رہی ہے، لیکن ٹیم سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے کیونکہ اس علاقے میں موبائل سگنلز بھی نہیں ہیں اور ٹیم سرچ اپریشن میں مصروف ہے۔‘

اسی علاقے میں کچھ عرصہ پہلے ضلع ٹانک سے ڈی آئی خان جانے والے وزیرستان کے ججز کے سکیورٹی سکواڈ پر بھی حملہ ہوا تھا جس میں ججز محفوظ رہے تھے، جبکہ اقوام متحدہ کے عملے کی گاڑی پر بھی اسی علاقے میں کچھ عرصہ پہلے حملہ ہوا تھا۔

مزیدخبریں