پی آئی اے نے طیارے کے اندر تصاویر اور ویڈیو بنانے پر پابندی کیوں لگائی؟ وجہ سامنے آگئی

03:11 PM, 29 Aug, 2024

ویب ڈیسک: قومی ایئرلائن پی آئی اے نے اپنی پروازوں پر موبائل فون سمیت کسی بھی کیمرے سے تصویریں کھینچنے اور ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی آئی اے کی جانب سے پابندی کے اس فیصلے پر عملدرآمد بھی شروع کردیا گیا ہے، تاہم اس ضمن میں ابھی اتنی سختی نہیں برتی جارہی ہے، پی آئی اے ترجمان کے مطابق یہ پابندی یہ پالیسی پاکستان کے ہوا بازی کے ضوابط کے مطابق ہے۔

جہاز پر مسافروں کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے بڑھتے ہوئے رجحان کے حوصلہ شکنی کے ضمن میں پی آئی اے نے مسافروں کو پابندی کی یاد دہانی کے باقاعدہ اعلانات جاری کرنا شروع کر دیے ہیں۔

ایئر لائن کے مطابق پرواز کے دوران ساتھی مسافروں، کسی واقعہ اور کوئی ایسی ویڈیو یا تصاویر جو ہراسانی اور غیر اخلاقی حدود کے زمرے میں آتی ہو اس عمل کو کیمرے میں محفوظ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

قومی ایئرلائن کے ذرائع کے مطابق یہ پابندی مسافروں کے تحفظ اور غیر مجاز ویڈیوز، فوٹوگرافی اور کسی بھی ہنگامی واقعات کو روکنے کے لیے عائد کی جارہی ہے، جس کے تحت بین الاقوامی پروازوں کی خاص طور پر ٹیک آف اور لینڈنگ جیسے مراحل کی فوٹوگرافی پر سخت پابندی عائد ہوگی۔

اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان نے وضاحت کی کہ مسافروں کے تحفظ اور غیر مجاز ویڈیوز یا فوٹو گرافی سے پیدا ہونے والے کسی بھی ہنگامی واقعات کو روکنے کے لیے مذکورہ پابندی عائد کی گئی ہے۔

مزیدخبریں