اسٹیبلشمنٹ منتخب حکومت کیساتھ ہے، وزیر داخلہ شیخ رشید
07:30 AM, 29 Dec, 2021
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہر سیاسی جماعت کی خواہش ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا ہاتھ ان کے سر پر آجائے لیکن اس کا فیصلہ ہے کہ وہ منتخب حکومت کیساتھ ہی ہوگی۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے یہ بات راولپنڈی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کے معاملے پر ان کا کہنا تھا کہ کسی کے پاکستان یا نہ آنے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔ بلاوجہ ہی طوفان کھڑا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے آنا ہے تو آجائیں، نہیں آنا تو نہ آئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالانکہ میں ایک شیخ ہوں لیکن اس کے باوجود میری پیشکش ہے کہ میں نواز شریف کو اپنی جیب سے پیسے خرچ کرکے ٹکٹ دوں گا۔ بلکہ پاسپورٹ اور ویزا اور پاسپورٹ بھی جاری کروں گا، نواز شریف بس بتائیں کب آنا چاہتے ہیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ڈنکے کی چوٹ پر اپنی حکومت کے پانچ سال پورے کرینگے۔ ملک میں کچھ نہیں ہونے والا۔ ہم ان کیساتھ مل کر اگلے انتخابات بھرپور طریقے سے لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے پیٹ میں جو درد ہے، اسے میں ٹیلی ویژن پر نہیں بتا سکتا۔ وہ چاہے جتنے مرضی مارچ کرلے، حکومت اپنے 5 سال پورے کرے گی۔ بلیدیاتی الیکشن میں جمیعت علمائے اسلام کی کامیابی پر ان کا کہنا تھا کہ انتخابات تو ہار جیت کا ہی نام ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے منی بجٹ کا بھرپور دفاع کیا اور کہا کہ اس سے کوئی قیامت نہیں آ جائے گی، ہم اسے پاس کرائیں گے۔ ہم ڈالر کی قیمت پر کنٹرول چاہتے ہیں۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے قرض سے مدد ملتی ہے۔