’ٹیکنو کریٹ حکومت کی افواہیں ہیں، ہمیں کوئی پیغام ملا نہ پی ٹی آئی کو ‘
07:33 AM, 29 Dec, 2022
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا واضح طور پر یہ کہنا ہے کہ ٹیکنوکریٹ حکومت کی افواہیں ہیں، ہمیں کوئی پیغام ملا نہ پی ٹی آئی کو۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ادارے پر الزام لگانا درست نہیں ہے ، اکا دکا افراد ہو سکتے ہیں، ہو سکتا ہے کہ سہولت کاری سے متعلق بلاول کے پاس کوئی معلومات ہوں ۔ پہلے ٹیکنوکریٹ آتے رہے ہیں ، اب جو بھی ہو گا آئین کے مطابق ہی ہو گا، ڈھائی سال کیلئے ٹینکوکریٹ حکومت لانے کا کوئی پیغام نہیں دیا گیا ہے ، پوری قوم کے ساتھ ادارے نے کمٹمنٹ کی ہے کہ غیر سیاسی رہیں گے ۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ حکومت کا مؤقف ہے کہ آئین کے مطابق ہی ملک کو چلنا چاہیے ، معاشی حالات پر اسحاق ڈارفکرمند ہیں اورکوشش بھی کر رہے ہیں کہ موجودہ حالات کا حل الیکشن نہیں میثاق معیشت ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز الہیٰ خود کہتے ہیں کہ 99 فیصد لوگ اسمبلیاں نہیں توڑنا چاہتے ، پرویز الہیٰ اعتماد کا ووٹ لیں اور ان کے پاس 186 کے نمبرز پورے نہیں ہیں ۔ رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ملک مشکلات کے دہانے پر کھڑا ہے، سابق وزیر اعظم عمران خان کی شکل میں ایسا پراجیکٹ لایا گیا ، جس نے ملک کی تباہی کر دی، اس کا اپنا ہی بیانیہ اور یجنڈہ ہے، یہ لوگ ہر روز ایک نئی کہانی گھڑتے ہیں۔