'بطور خادمِ پاکستان آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہ بیٹھونگا'
01:00 PM, 29 Dec, 2022
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنے وعدے کے مطابق میں بطور خادمِ پاکستان آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہ بیٹھونگا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت آئندہ ماہ جنیوا میں منعقد ہونے والی ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، احسن اقبال، شیری رحمن، مریم اونگزیب، وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور حناء ربانی کھر، معاونینِ خصوصی سید طارق فاطمی، جہانزیب خان، سید فہد حسین اور متعلقہ اعلی حکام شرکت تھے۔ اجلاس کو جنیوا میں منعقد ہونے والی کانفرنس کے حوالے سے تجاویز اور تفصیلی لائحہ عمل کا مسودہ پیش کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کانفرنس میں دوست ممالک کے ساتھ ساتھ ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ وزیرِ اعظم نے کانفرنس کے لائحہ عمل کو ترجیحی بنیادوں پر حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے رواں سال سینکڑوں جانیں اور اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، سیلاب زدگان کی بحالی اور تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی تعمیر پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کیلئے ایک بڑا چیلینج ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اپنے وعدے کے مطابق میں بطور خادمِ پاکستان آخری سیلاب زدہ شخص کی بحالی تک چین سے نہ بیٹھونگا، آئندہ ماہ جنیوا میں سیلاب زدگان کی پکار کو ایک مرتبہ پھر سے پوری دنیا تک بھر پور طریقے سے پہنچائیں گے۔