صدرمملکت عارف علوی نےقومی اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر لیا

08:58 AM, 29 Feb, 2024

ویب ڈیسک: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نگران وزیر اعظم کی ایڈوائس پر قومی اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر لیا۔

 تفصیلات کے مطابق صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی میں مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ مکمل نہ ہونے کے باعث سمری پر فیصلہ روک رکھا تھا تاہم اب صدر نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس بلائے جانے کے بعد سمری کی منظوری دے دی ہے۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے طلب کیا گیا ہے اس حوالے سے صدر نے قومی اسمبلی اجلاس طلب کرنے کی سمری پر دستخط کر دیئے ہیں، قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نو منتخب ارکان اسمبلی حلف لیں گے۔

افتتاحی اجلاس میں نومنتخب ارکان کا ریڈ کارپٹ استقبال بھی کیا جائے گا، سابق وزرائے اعظم نواز شریف، شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، عبدالعلیم خان اور راجہ پرویز اشرف کو حکومتی بنچز کی فرنٹ لائن پر نشستیں الاٹ کر دی گئی ہیں۔

اپوزیشن کے عمر ایوب، سابق سپیکر اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی بھی اگلی نشستوں پر بیٹھیں گے۔

اجلاس کے اختتام پر اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی جانب سے قومی اسمبلی کے نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر الیکشن کے شیڈول کا اعلان کرنے کے بعد کارروائی کو ملتوی کر دیا جائے گا۔

مزیدخبریں