مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ گیارہ فیصد کمی ریکارڈ

05:51 AM, 29 Jan, 2022

Rana Shahzad
اسلام آباد: (اے پی پی) ملک میں مہنگائی کی شرح میں گذشتہ ہفتہ کے دوران 0.11 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہفتہ رفتہ میں 8 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 17 کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ 26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 27 جنوری 2022ء کو ختم ہونے والے ہفتہ میں سرخ مرچ پائوڈر کی قیمت میں 9.05 فیصد، آلو 4.03 فیصد، پیاز 2.86 فیصد، انڈے 2.19 فیصد، چکن 1.71 فیصد، چینی 1.14 فیصد، کیلا 0.61 فیصد اور ایل پی جی کی قیمتوں میں 2.04 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ اس کے برعکس ٹماٹر کی قیمت 30.79 فیصد، لہسن 4.51 فیصد، تیار چائے 1.71 فیصد، سرسوں کا تیل 1.28 فیصد، دال چنا 1.18 فیصد اور 5 لٹر کوکنگ آئل کی قیمت میں 1.18 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سالانہ بنیادوں پر دال مونگ کی قیمت میں 26.41 فیصد، سرخ مرچ پائوڈر 22.44 فیصد، چکن 11.19 فیصد اور پیاز کی قیمت میں 2.06 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سب سے کم یعنی 17 ہزار 732 روپے ماہوار آمدنی رکھنے والے گروپ کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں 0.07 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ 17 ہزار 733 روپے سے لے کر 22 ہزار 888 روپے، 22 ہزار 889 روپے سے لے کر 29 ہزار 517 روپے، 29 ہزار 518 روپے سے لے کر 44 ہزار 175 روپے اور اس سے زیادہ ماہوار آمدنی والے رکھنے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ میں بالترتیب 0.05 فیصد، 0.07 فیصد، 0.09 فیصد اور 0.12 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کا اوسط 0.11 فیصد بنتا ہے۔ صارفین کیلئے قیمتوں کے حساس اشاریہ کا تعین ملک کے 17 شہروں کی 50 مارکیٹوں میں 51 ضروری اشیاء کی قیمتوں میں ردوبدل کی بنیاد پر ہوتا ہے۔
مزیدخبریں