روس کیساتھ جنگ، یوکرائن کی جوبائیڈن کو شٹ اپ کال

08:40 AM, 29 Jan, 2022

Rana Shahzad
کیف: (ویب ڈیسک) یوکرائن کے صدر وولودیمیر زیلنیسکی نے مغربی ممالک اور امریکا سے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کیساتھ تنازع کو بڑھا چڑھا کر پیش نہ کیا جائے۔ زیلنیسکی کا کہنا تھا کہ انہیں کوئی بڑا خطرہ نظر نہیں آیا کیونکہ گزشتہ موسم بہارمیں بھی روسی فوجی اسی طرح موجود تھے۔ اپنے ایک حالیہ بیان میں وولودیمیر زیلنیسکی نے سب ممالک پر زور دیا وہ میڈیا کے ذریعے روس کیساتھ جنگ کی خبریں پھیلانا بند کردے کیونکہ اس کا نقصان کسی اور کو نہیں صرف ہمیں ہوگا۔ یوکرائنی صدر کا کہنا تھا کہ مغرب کا میڈیا میں روس کیساتھ ہمارے تنازعے کو فضول میں اچھال رہا ہے، انھیں اس بات کا اندازہ نہیں کہ اس کی قیمت میرے ملک کو ادا کرنا پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں امریکی صدر جوبائیڈن کے رویے پر بھی شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے معاملات میں سخت بیان بازی کرکے غلطی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ وہ یہ بات صدر بائیڈن کو ٹیلی فونک رابطے میں بھی بتا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ پہلے اس سے زیادہ کشیدہ حالات نہیں رہے ہیں حالانکہ میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں کہ کشیدگی میں اضافہ ممکن نہیں ہے۔ وائٹ ہاوس بڑے پیمانے پر جنگ کے خطرے کو بڑھا چڑھا کر پیش کرکے غلطی کر رہا ہے۔ صدر زیلنیسکی نے کہا کہ سڑکوں پر کوئی ٹینک نہیں ہیں لیکن میڈیا یہ تاثر دے رہا ہے کہ ہم حالت جنگ میں ہیں۔ ہماری فوج سڑکوں پر اتر آئی ہے۔ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ ہمیں اس طرح کے خوف و ہراس کی ضرورت نہیں ہے۔ یوکرائنی صدر نے کیف میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بعض انتہائی قابل احترام سربراہان مملکت بھی ایسے اشارے دے رہیں گویا کل ہی جنگ شروع ہو جائے گی۔ اس طرح کے خوف وہراس سے ہمارے ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ ملک کے اندر عدم استحکام یوکرائن کے لئے کہیں زیادہ بڑا خطرہ ہے۔ صدر زیلنیسکی نے کہا کہ مغرب اور میڈیا جس طرح روس کے ساتھ ہماری کشیدگی کو اچھال رہے ہیں اس کی یوکرائن کے عوام کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی۔ انہوں نے مغرب سے اپیل کی کہ وہ روس کے ساتھ کشیدگی کے معاملے پر خوف وہراس پیدا نہ کریں کیونکہ اس نے یوکرائن کی پہلے سے ہی کمزور معیشت میں سرمایہ کاری کو مزید نقصان پہنچایا ہے۔ ہمیں اس خوف وہراس کی ضرورت نہیں ہے۔ یوکرائن کو اس کی بھاری قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے۔ خیال رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ روس اگلے ماہ اپنے یوکرائن پر حملہ کرسکتا ہے۔ تاہم روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اس کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماسکو کوئی جنگ نہیں چاہتا۔
مزیدخبریں