ملٹری کورٹس میں سویلنز کے ٹرائل کیلئے بنا سپریم کورٹ کا بینچ ٹوٹ گیا

12:23 PM, 29 Jan, 2024

(ویب ڈیسک)فوجی عدالتوں کے کیس کی سماعت کرنے والا بینچ ٹوٹ گیا ، جسٹس سردار طارق مسعود کا یوٹرن، خود کو  بینچ سے الگ کر لیا ۔

تفصیلات کےمطابق سپریم کورٹ میں فوجی عدالتوں میں سویلنز کے ٹرائل پر انٹراکورٹ اپیلوں پر سماعت ہوئی ، جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں چھ رکنی  بینچ نے سماعت کی، جسٹس امین الدین خان، محمد علی مظہر، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس عرفان سعادت بینچ کا حصہ ہیں

جواد ایس خواجہ کے وکیل نے بینچ پر اعتراض اٹھا دیا ، وکیل خواجہ احمد حسن نے کہا کہ بینچ  کی دوبارہ تشکیل کے لیے معاملہ ججز کمیٹی کو بھیجا جائے، 

لاہور بار کے وکیل حامد خان نے کیس میں دلائل دینے کی کوشش کی تو    جسٹس سردار طارق مسعود نے ریمارکس میں کہا کہ اگر ہم نے کیس سننا ہی نہیں تو دلائل نا دیں۔

ہم پر اعتراض اٹھایا جا رہا ہے کہ میں کیس سے الگ ہو جاوں، جس پر جسٹس سردار طارق مسعود نے خود کو بینچ سے علیحدہ کرلیا، عدالت نے نئے بینچ کی تشکیل کیلئے معاملہ ججز کمیٹی کو بھجوا دیا، اب کیس میں نیا بینچ بنے گا، سماعت کی نئی تاریخ مقرر ہو گی۔

یاد رہے کہ گذشتہ سماعت پر جسٹس سردار طارق مسعود نے اعتراضات پر بینچ سے علیحدہ ہونے سے انکار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ میں نہیں ہوتا بینچ سے الگ کیا کر لیں گے؟ وکلا جسٹس جواد ایس خواجہ کا فیصلہ پڑھ لیں، یہ جج کی مرضی ہے کہ بینچ کا حصہ رہے یا سننے سے معذرت کرے۔

 جسٹس طارق مسعود نے مزید ریمارکس دیے کہ جواد ایس خواجہ کا اپنا فیصلہ ہے کہ کیس سننے سے انکار کا فیصلہ جج کی صوابدید ہے، میں خود کو بینچ سے الگ نہیں کرتا۔

جسٹس سردار طارق مسعود نے 13دسمبر کو بینچ سے الگ ہونےسے انکار کیا تھا،  6رکنی بینچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کا ٹرائل کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل کیا تھا۔

مزیدخبریں