قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر زمبابوے کرکٹ کا نیا مرکز بنے گا
03:35 PM, 29 Jul, 2023
لاہور قلندرز اور زمبابوے کرکٹ نے ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے ہیں, جس کے تحت آئندہ چند سالوں کے لیے زمبابوے کرکٹ کا نیا مرکز قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق اس معاہدے کے تحت ابتدائی طور پر حال ہی میں زمبابوے میں منعقدہ کامیاب پلیئرز ڈویلمپنٹ پروگرام میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 8 باصلاحیت کھلاڑی ستمبر میں لاہور پہنچیں گے، جہاں وہ قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں مکمل تربیت حاصل کریں گے۔ اس معاہدے کے تحت زمبابوے انڈر 19 اور زمبابوے ویمنز کرکٹ اسکواڈ بھی آئندہ ماہ لاہور پہنچیں گے، جہاں وہ بالترتیب دورہ بنگلہ دیش اور دورہ سری لنکا کی تیاریوں کے سلسلے میں تربیتی کیمپ میں شرکت کریں گے۔ معاہدے کی تیسری شق کے مطابق زمبابوے کرکٹ کے باصلاحیت کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہرارے میں قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کا قیام کیا جارہا ہے، جہاں کھلاڑیوں کو مکمل تربیت فراہم کی جائے گی۔ لاہور قلندرز نے زمبابوے میں ٹیپ بال کرکٹ کے لیے بھی جامع منصوبہ بندی کرے گا۔ عاطف رانا، چیف ایگزیکٹو لاہور قلندرز لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو اور ڈربن قلندرز کے مالک عاطف رانا کا کہنا ہے کہ انہیں زمبابوے کرکٹ کے ساتھ اس تاریخی معاہدے پر دستخط کرکے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ زمبابوے کرکٹ کی قسمت بدلنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ عاطف رانا نے کہا کہ پلیئرز ڈویلمپنٹ پروگرام کے ٹرائلز کے تحت ہرارے، بلاوئیو اور کیو کیو میں بہترین ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، اب ان کھلاڑیوں کی بہترین تربیت کرنا زمبابوے کرکٹ اور لاہور قلندرز کی ذمہ داری ہے۔