حکومت کب گھر جارہی ہے؟فوادچودھری نےاندرکی بات بتادی

03:40 PM, 29 Jul, 2024

ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ اس حکومت کو تو ہر صورت گھر جانا ہے، حکومت تین چار ماہ میں رخصت ہوجائے گی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ حکومت کے گھر جانے سے متعلق آنے والے 40، 45 دنوں میں صورت حال واضح ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کسی قسم کی مذاکرات کی پیشکش کو پی ٹی آئی کی جانب سے مثبت طریقے سے نمٹنا چاہیے، ملک میں سیاسی ماحول بہتر ہونا چاہیے۔

فواد چودھری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا آرمی چیف کو پیغام نہایت خوش آئند ہے،اس بیان سے پی ٹی آئی کا نام استعمال کر کے بیرون ملک بیٹھ کر سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کرنے والے یتیم ہوگئے ہیں ۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بچوں کو گرفتار کر کے یہ اپنا بیانیہ بنانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

پاسپورٹ کی تجدید کیلئے درخواست دائر

علاوہ ازیں فواد چودھری نے پاسپورٹ کی تجدید کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے 9 جولائی کے احکامات پر عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

فواد چودھری نے درخواست میں استدعا کرتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ کی تجدید کے احکامات جاری کیے جائیں، بیرون ملک سفر کرنے سے نہ روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ 

مزیدخبریں