بلوچستان : پرتشدد ہجوم کا سیکیورٹی فورسز پر حملہ، 1جوان شہید،افسر سمیت 16 فوجی زخمی

05:57 PM, 29 Jul, 2024

(ویب ڈیسک ) آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان میں   پرتشدد ہجوم  کے   سیکیورٹی فورسز پر حملے میں 1 جوان شہید ہوگیا جبکہ ایک افسر سمیت 16 فوجی زخمی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  نام نہاد بلوچ راجی موچی کی آڑ میں ایک پرتشدد ہجوم نے   سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں پر حملہ کیا، پر تشدد ہجوم کے حملے کے نتیجے میں سپاہی شبیر بلوچ  نے جام  شہادت نوش کر لیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ  پرتشدد مظاہرین کے بلا اشتعال حملوں کے نتیجے میں ایک افسر سمیت سولہ فوجی زخمی ہوئے ہیں ۔ سوشل میڈیا پر غیر قانونی پرتشدد مارچ کے لیے ہمدردی اور حمایت حاصل کرنے کے لیے پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے  ۔

آئی ایس  پی آر کے مطابق  جعلی تصاویر اور ویڈیوز کا استعمال کرتے ہوئے جعلی اور بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ   سیکیورٹی فورسز نے اشتعال انگیزی کے باوجود  انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، ہجوم کی پرتشدد کارروائیاں ناقابل قبول ہیں اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر  نے  کہا کہ  شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں،امن و امان کو برقرار رکھنے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں،   سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزیدخبریں