پاکستان کیخلاف سوچی سمجھی سازش کے  تحت جنگ کی جا رہی ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان 

06:51 PM, 29 Jul, 2024

(ویب ڈیسک )وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف سوچی سمجھی سازش کے تحت جنگ کی جارہی ہے، پرتشدد ہجوم کی جانب سے اشتعال انگیزی ناقابل قبول ہے۔

وزیراعلیٰ   سرفراز بگٹی نے بلوچستان اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  اگست میں گوادر میں بہت بڑا وفد آرہا ہے، جبکہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ بھی شروع ہونے جارہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ  مظاہرین کے گوادر جانے کا مقصد یہ تھا کہ علاقے کو بند کرکے سی پیک کو روک دیں، ماہ رنگ بلوچ سے معاہدہ ہوا تھا کہ جلسے یا دھرنے کی اجازت لی جائے گی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ  اپوزیشن تیل چھڑکنے کے بجائے آئے، انہیں مذاکرات کا اختیار دیتا ہوں۔  جو لوگ پرتشدد ہیں کیا ہم انہیں ہار پہنائیں گے، کیا جتھوں کو اجازت دے دی جائے کہ وہ آکر اسمبلی چلائیں، پرتشدد ہجوم کی جانب سے اشتعال انگیزی ناقابل قبول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  میں ریاست کی خاطر اپنا سیاسی سرمایہ ضائع کرنے کے لیے تیار ہوں، بلوچستان کے لوگ سمجھ چکے ہیں کہ ان کی ترقی پاکستان کے ساتھ ہے۔

وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ  آج سبی کے لانس نائیک فائرنگ سے شہید ہوگئے، جبکہ ایک افسر زخمی ہوا، بتایا جائے سیکیورٹی فورسز کس کے لیے قربانیاں دے رہی ہیں۔جتھوں کی جانب سے تشدد کرکے لوگوں کو شہید کیا جارہا ہے، اس پر اسمبلی کب جذباتی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ  سوشل میڈیا اتنا بے لگام ہوچکا کہ جس کا جو جی چاہتا ہے کہہ دیتا ہے، عالمی سازشیں ہورہی ہیں، پاکستان کو توڑنے والوں کو جانتے ہیں۔ہمیں ریاست اور نوجوانوں کے درمیان خلا کو گڈگورننس سے پُر کرنا ہے۔

سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بلوچستان اب مزید تشدد کا متحمل نہیں ہوسکتا۔  ہم آج بھی مذاکرات کے لیے تیار ہیں، لیکن حکومتی رٹ قائم کرنے سے دستبردار نہیں ہوں گے۔

مزیدخبریں