5 پاکستانی عازمین حج کا انتقال، سعودی عرب میں تدفین
05:06 AM, 29 Jun, 2022
حجاز مقدس میںفریضہ حج کی ادائیگی کیلئے پہنچنے والے پاکستان کے 5 عازمین حج کا انتقال ہو گیا ہے۔ انتقال کرنے والوں میں چار مرد اور ایک خاتون شامل ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان پانچوں پاکستانیوں کی اموات طبعی طور پر ہوئی ہیں۔ سعودی عرب نے وفات پانے والے افراد کے اہلخانہ کی خصوصی اجازت کے بعد ان کی مکہ میں تدفین کر دی ہے جس کے تمام انتظامات سعودی حکومت کی جانب سے کئے گئے تھے۔ سعودی عرب میں فریضہ حج کی ادائیگی کے دوران انتقال کرنے والوں کا تعلق جنوبی وزیرستان، کراچی، سوات اور لاہور سے تھا۔ سعودی وزارت حج اور عمرہ کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ رواں سال دو لاکھ ننانوے ہزار 911 حجاج کرام ہوائی جہازوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔ حج فلائٹس کے آغاز سے اب تک مدینہ منورہ کے انٹرنیشنل ہوائی اڈے سے 2 لاکھ اکتالیس ہزار 8 سو 59 اور 45 ہزار 8 سو 24 عازمین زمینی سرحد کراسنگ سے وہاں پہنچے ہیں۔ اس وقت تک پاکستان سے 6 ہزار 9 سو 54 عازمین حج مدینہ منورہ آ پہنچ چکے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ تعداد بنگلا دیشی عازمین حج کی ہے جن کی تعداد بارہ ہزار 901 ہے۔ اس کے بعد دس ہزار 2 سو 16 نائجیرین شہری، 8 ہزار 350 بھارتی اور 6 ہزار 494 ایرانی عازمین شامل ہیں۔