قائداعظم یونیورسٹی کی رینکنگ میں پوزیشن قابل ستائش: رانا تنویر حسین
08:25 AM, 29 Jun, 2022
وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ قائداعظم یونیورسٹی تعلیم کے ہر شعبے میں بہترین کام کر رہی ہے۔ اس کی رینکنگ میں پوزیشن قابل ستائش ہے۔ اپنے ایک بیان میں وزیر تعلیم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایجوکیشن کے میدان میں ہم آگے جا رہے ہیں۔ ہماری نیشنل سکلز یونیورسٹی بھی بہت اچھا کام کر رہی ہے۔ ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن آئی ٹی کے شعبے میں لانگ ٹرم منصوبوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) میں ہمارا پڑوسی ملک ہم سے بہت آگے ہے۔ انڈیا کا بنگلور شہر اس وقت آئی ٹی کا مرکز بن چکا ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ رواں سال وزیراعظم شہباز شریف نے 250 ووکیشنل ٹریننگ سکولز بنانے کی منظوری دی ہے کیونکہ اب بیرون ممالک بھی تربیت یافتہ ہنرمندوں کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں۔ تاہم رانا تنویر حسین نے تعلیمی اداروں میں بڑھتی ہوئی منفی سرگرمیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طالبعلموں کے مسائل ہوتے ہیں لیکن انہیں اچھے طریقے سے حل کرنا چاہیے۔ کچھ دن پہلے قائداعظم یونیورسٹی میں جو واقعہ پیش آیا وہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے سینئر سیاستدانوں جاوید ہاشمی، جہانگیر بدر اور شیخ رشید کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ پہلے یونیورسٹیوں سے لیڈرشپ سامنے آتی ہے۔ یہ رہنما بھی پہلے سٹوڈنٹ لیڈر تھ، لیکن افسوس کہ شیخ رشید کی تربیت اچھی نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاست میں لوگوں کو سبز باغ دکھاتے ہیں۔ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ طالبعلموں کو آئین سکھائیں لیکن میرا ماننا ہے کہ یہ چیز پہلے اراکین پارلیمنٹ کو سکھانی چاہیے۔