حملے کی صورت میں اسلام آباد خود ’نتائج‘ کا ذمہ دار ہوگا،افغانستان

09:55 AM, 29 Jun, 2024

ویب ڈیسک: افغانستان کی وزارت دفاع نے پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے دیے گئے بیان کے جواب میں کہا ہے کہ حملے کی صورت میں اسلام آباد خود ’نتائج‘ کا ذمہ دار ہوگا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں افغان وزارت دفاع نے لکھا ’پاکستان کی قیادت کے لیے ضروری ہے کہ وہ کسی کو بھی حساس معاملات پر حساس بیانات جاری کرنے کی اجازت نہ دے۔‘

’کوئی بھی کسی بھی جواز کے تحت ہماری سرحد کی خلاف ورزی کرے گا، وہ خود نتائج کا ذمہ دار ہوگا۔‘

یادرہے ایک غیر ملکی میڈیا ادارے نے پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف سے انٹرویو میں سوال پوچھا کہ کیا پاکستان عسکریت پسندوں پر قابو پانے کے لیے افغانستان پر حملہ کرے گا، جس پر انہوں نے کہا ’پاکستان کی خودمختاری سے زیادہ کچھ بھی اہم نہیں ہے۔‘

افغان وزارت دفاع نے واضح کیا کہ اپنی سرزمین کو کسی اور ملک کے خلاف نہ استعمال ہونے کی اجازت دینا افغانستان کا اصولی مؤقف ہے۔

دوسری جانب دوحہ میں افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ سہیل شاہین نے پاکستان کے وزیر دفاع کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کو افغانستان کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔

افغان میڈیا سے بات کرتے ہوئے سہیل شاہین نے ایک مرتبہ پھر اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہورہی جبکہ دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت افغان پالیسی کا حصہ نہیں ہے۔

سہیل شاہین نے اس امر پر زور دیا کہ ’’ہم نہ تو کسی کو نقصان پہنچاتے ہیں اور نہ ہی کسی کو نقصان پہنچانے کی اجازت دیتے ہیں‘۔ ساتھ ہی انہوں نے قدرے دھمکی آمیز رویہ اپناتے ہوئے کہا کہ ’مہم جوئی کا ارادہ رکھنے والوں کو ماضی کے حملہ آوروں کی تاریخ کا اچھی طرح مطالعہ کرنا چاہیے اور ایسی مہم جوئی کے ممکنہ نتائج پر غور کرنا چاہیے‘۔

مزیدخبریں