کم سبسکرائبرز والے یوٹیوب چینلز کیلئے اچھی خبر آگئی

03:38 PM, 29 Jun, 2024

ویب ڈیسک: (علی زیدی) یوٹیوب نے کم سبسکرائبرز رکھنے والے کانٹینٹ کریئیٹرز کی حوصلہ افزائی کیلئے نئے فیچر کی آزمائش شروع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق سٹریمنگ ویب سائٹ یوٹیوب کی جانب سے ہائپ (”Hype“) نامی ایک ایسے فیچر کی آزمائش شروع کی گئی ہے جس کے تحت کم سبسکرائبرز رکھنے والے افراد کو زیادہ موقع ملے گا۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مذکورہ فیچر کی آزمائش برازیل سمیت دیگر چند ممالک میں شروع کر دی گئی ہے، دوسرے مرحلے میں اس فیچر کو مزید ممالک تک پھیلایا جائے گا۔

فیچر کے تحت یوٹیوب پارٹنر کانٹینٹ کریئیٹرز کو زیادہ فائدہ ملے گا اور اس فیچر کو وہی مواد بنانے والے استعمال کر سکیں گے جن کے سبسکرائبرز کی تعداد زیادہ سے زیادہ 5 لاکھ تک ہوگی۔

نئے فیچر کے تحت صارفین اپنی اپ لوڈ کردہ ویڈیو میںHype سیکشن کا استعمال کر سکیں گے جس کے بعد ان کی ویڈیو یوٹیوب کا الگورتھم ازخود ایک ہفتے تک پھیلائے گا، فیچر کے تحت ہفتے میں جس بھی صارف کی ویڈیو کو زیادہ Hypeملیں گے، اسے مختلف کیٹیگریز کے تحت زیادہ پیسے دیئے جائیں گے۔

مذکورہ فیچر کا استعمال تمام یوٹیوب چینلز مالکان کیلئے فوری طور پر نہیں ہوگا، تاہم امکان ہے کہ مستقبل میں اسے ہر کسی کیلئے پیش کیا جائے گا۔

مزیدخبریں