درگاہ پر مضرصحت کھانا کھانے سے 300 افراد کی طبیعت خراب

03:50 PM, 29 Jun, 2024

ویب ڈیسک: آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر میں حضرت سائیں لال بادشاہ کی درگاہ پر عرس کے دوران مضر صحت کھانا کھانے سے 300 افراد کی طبیعت خراب ہوگئی ہے۔

آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں جمعے کی رات 200 افراد کو لایا گیا، جبکہ 100 افراد کو کے آر ایف جاتلاں منتقل کیا گیا، اسپتالوں میں لائے گئے یہ لوگ بھمبر میں سائیں لال بادشاہ کی درگاہ پرعرس کے دوران مضر صحت کھانا کھانے سے بیمار پڑ گئے تھے۔

یہ 2 دن کا عرس تھا جو جمعرات کو شروع ہوا تھا، اس موقع پر سوکاسن گاؤں کی ایک تنظیم زائرین کے لیے کھانے کا انتظام کرتی ہے۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ممکن ہے کہ گرمی کی وجہ سے کھانا خراب ہو گیا ہو، جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ان افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

کے آر ایف جاتلاں میں اسپتال کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے بیشتر افراد کو طبی امداد کے بعد اسپتال سے رخصت کردیا ہے، جبکہ 15 افراد اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

مزیدخبریں