پنجاب‌: متعدد اضلاع میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ

08:20 AM, 29 Mar, 2021

حسان عبداللہ

لاہور(پبلک نیوز) حکومت پنجاب نے 12 فیصد سے زائد شرح والے اضلاع میں لاک ڈاون کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا وائرس کے اجلاس کے بعد اہم فیصلوں کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے پریس کانفرنس کی، انکا کہنا تھا کہ یکم اپریل سے12 فیصد سے زائد شرح والےاضلاع میں موثرلاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے، ہفتے میں دو دن دکانیں بند رہیں گی، اور تمام مارکیٹس 6 بجے بند کر دی جائیں گی، یکم اپریل سے شادی کی تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں 24 گھنٹوں میں مثبت کیسز کی شرح 21 فیصد رہی ہے، میٹرو، اسپیڈو بس اور اورنج ٹرین بھی بند رہے گی، پنجاب میں ان ڈور، آوَٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی، صرف ٹیک اوے کی اجازت ہو گی، ہم صنعت اور کاروبار بند کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔ معاشی سرگرمیوں پر پابندی نہیں لگا رہے۔

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں کورونا کیسز کی سب سے زیادہ شرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں 23 فیصد ہے جبکہ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں مثبت کورونا کیسز کی شرح 18 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ راولپنڈی میں 13 فیصد جبکہ ملتان میں یہ شرح 12 فیصد ہے۔

مزیدخبریں