پاکستان میں پہلا روزہ اور عیدالفطر کب ہوگی؟ ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

06:07 AM, 29 Mar, 2022

احمد علی
لاہور: (ویب ڈیسک) رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کی جانب سے پاکستان میں پہلے روزے اور عیدالفطر کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکرٹری جنرل رویتِ ہلال ریسرچ کونسل اعجاز مفتی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں ملک میں پہلا روزہ بروز اتوار مورخہ 3 اپریل جبکہ عیدالفطر بروز منگل مورخہ 3 مئی کو ہوگی۔ اعجاز مفتی نے کہا ہے کہ نئے چاند کی پیدائش آئندہ ماہ یکم اپریل کو دن 11 بج کر 24 منٹ پر ہو گی۔ 29 شعبان 2 اپریل کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے۔ ریسرچ کونسل کے مطابق غروبِ شمس اور غروب قمر کے درمیان فرق کراچی میں 67 منٹ، کوئٹہ 69 ، لاہور 68، اسلام آباد او ر راولپنڈی میں 69 منٹ جبکہ پشاور، گلگت اور مظفر آباد میں 70 منٹ پر ہوگا۔ اس سے چاند کی رویت آسانی سے ہو جائے گی اور رمضان المبارک کی شروعات 3 اپریل بروز اتوار سے ہوگا جبکہ شوال کے چاند کی پیدائش ہفتہ 30 اپریل اور اتوار یکم مئی کی درمیانی رات 1 بج کر 28 منٹ پر ہوگی۔ یکم مئی 29 رمضان المبارک کی شام غروبِ آفتاب کے وقت نئے ہلال کی عمر ملک بھر میں اٹھارہ گھنٹوں سے بھی کم ہوگی۔ اس کے علاوہ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کا درمیانی فرق چالیس منٹ سے کم ہوگا۔ اس لئے پاکستان میں چاند کی رویت اس شام ٹیلی سکوپ سے بھی ممکن نہیں ہوگی۔ اِس طرح 30 روزے مکمل کرنے کے بعد عیدالفطر بروز منگل مورخہ 3 مئی کو ہوگی۔
مزیدخبریں