اختلافات کی خبریں، چودھری شجاعت نے تردید کردی
06:28 AM, 29 Mar, 2022
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے اپنے خاندان میں اختلافات کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر سیاسی فیصلہ مجھ سے پوچھ کر کیا جاتا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چودھری شجاعت کی جانب سے جاری بیان میں میڈیا میں زیر گردش خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جو افواہیں چل رہی یا چلوائی جا رہی ہیں وہ سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں۔ چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ہمارا خاندان اور مسلم لیگ (ق) میں کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں، ہم سب ایک ہی پیج پر ہیں۔ تمام سیاسی فیصلے میری مشاورت سے کئے جاتے ہیں اور انھیں میری مکمل حمایت ہوتی ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے اپنی سیاسی زندگی کا اہم فیصلہ کرتے ہوئے عثمان بزدار کو ناصرف ان کے عہدے سے ہٹنے کا حکم دیا بلکہ ان کی جگہ مسلم لیگ ق کے صدر چودھری پرویز الٰہی کو بھی وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی حامی بھر لی ہے۔ یہ خبریں میڈیا میں آنے کے بعد چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں کہ چودھری پرویز الٰہی نے یہ فیصلہ کرتے وقت چودھری شجاعت حسین کو اعتماد میں نہیں لیا۔ اس خبر کو مزید تقویت اس وقت ملی جب ق لیگ کے دیرینہ ساتھی طارق بشیر چیمہ نے اپنی وزارت سے استعفیٰ دے کر وزیراعظم عمران خان کیخلاف ووٹ دینے کا اعلان کردیا۔ ان ہی خبروں پر بالاخر چودھری شجاعت حسین کو آج اپنا بیان جاری کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے چودھری خاندان کا سربراہ سمجھا جاتا ہے۔ میں کسی وضاحت پر یقین نہیں رکھتا لیکن سب کو بتانا چاہتا ہوں کہ خاندان ہو یا پارٹی، ہر فیصلہ میری مرضی سے ہوتا ہے اور اس میں میری مشاورت شامل ہوتی ہے۔