کانگو: پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، چھ افسران سمیت 8 اہلکار شہید

05:41 PM, 29 Mar, 2022

احمد علی
اقوام متحدہ امن مشن کانگو میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں چھ افسران سمیت 8 اہلکار شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افریقی ملک کانگو میں انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پر پاک فوج کا پوما ہیلی کاپٹر نگرانی مشن کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے کی اصل وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا، شہداء میں لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان، ہیلی کاپٹر پائلٹ میجر سعد نعمانی، شریک پائلٹ میجر فیضان علی اور فلائٹ انجنئیر نائب صوبیدارسمیع اللہ خان جام شہادت نوش کر گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کریو چیف حوالدار محمد اسماعیل اور گنر لانس حوالدار محمد جمیل بھی حادثے میں شہید ہوئے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک ایوی ایشن یونٹ اقوام متحدہ امن مشن کانگو میں 2011 سے تعینات ہیں۔ پاکستان نےہمیشہ عالمی برادری میں ذمہ دارانہ کردارادا کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارےا من دستوں نے ہمیشہ چیلنجنگ کاٹاسک انجام دیے۔ پاکستانی اہلکاروں نے لگن کیساتھ کام کرتےہوئے جانوں کے نذرانے بھی پیش کیے ہیں۔
مزیدخبریں