’الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ آگے کرنے کا اختیار حاصل ہے‘

12:57 PM, 29 Mar, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ہماری سمجھ کے مطابق الیکشن کمیشن کو تاریخ آگے کرنے کا اختیار حاصل ہے ، تمام اسمبلیوں کے الیکشن ایک ساتھ ہی ہونے چاہئیں ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ایسے فیصلے ہوتے رہے ہیں کہ جس سے معاشرے میں توازن برقرار نہ رہا ، سپریم کورٹ کا فیصلہ اندرونی معاملہ نہیں ہوسکتا ہے ، اس معاملے سے پوری قوم منسلک ہے ، اس معاملے پر ابہام کو دور ہونا چاہیے ، یہ ابہام فل کورٹ بینچ ہی دور کرسکتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے توقع رکھتے ہیں کہ اس معاملے پر قوم کی رہنمائی کی جائے ، وہ چیزیں جو شکوک و شہبات پیدا کریں ان کو فیصلے سے پہلے ہی دور کیا جانا ضروری ہے ، پارلیمنٹ نے کل ایک صحیح وقت پر اپنا فرض ادا کیا تھا ۔ وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ جس طرح سے الیکشن کرانے کی کوشش ہو رہی ہے الیکشن کو کوئی تسلیم ہی نہیں کرے گا ، تمام اسمبلیوں کے الیکشن ایک ساتھ ہونے چاہئیں ، ملک میں انارکی اور افراتفری پھیلانا فتنے کا ایجنڈا ہے ۔
مزیدخبریں