الیکشن ہوگا لیکن الیکشن سے پہلے سلیکشن کا فیصلہ ہوگا، مریم نواز

08:16 PM, 29 Mar, 2023

احمد علی
قصور: مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان قانون کے سب سے بڑے مفرور ہیں، نااہلی ان کا انتظار کر رہی ہے، الیکشن ہو گا لیکن الیکشن سے پہلے سلیکشن کا فیصلہ ہو گا، ترازو کے دونوں پلڑے برابر کریں اور الیکشن کرا دیں۔ قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن مریم نواز نے کہا کہ گیدڑ کو لیڈر کا ماسک پہنانے کی پوری کوشش کی گئی، آج پوری قوم عمرانی فتنے کو پہچان چکی ہے، پوری دنیا جان گئی یہ فتنہ حکومت میں ہو تو پاکستان کی تباہی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ جو کہتا تھا قانون سب کے لیے برابر ہے وہ آج قانون کا مفرور ہے، عدالت کہہ رہی ہے کہ پیش ہو تو پلاستر لگا کر بیٹھ جاتا ہے، پولیس آتی ہے تو منجی کے نیچے چھپ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کہتا ہے میری بیوی گھر پر اکیلی تھی، تو کیا جو پولیس پر پیٹرول بم مار رہے تھے وہ تمہار ے موکل تھے؟۔ مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ گلگت بلتستان پولیس کو بلا کر پنجاب پولیس پر حملہ کرایا گیا، 75 سالہ تاریخ میں ایسا بزدل آدمی نہیں دیکھا، پہلے تو نکلتا ہی نہیں اور جب نکلتا ہے تو جنگلے والی گاڑی میں بیٹھ جاتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلٹ پروف شیشے کے پیچھے سے کہتا ہے کہ خوف کے بت توڑ دو، اس کے اپنے بچے لندن میں محفوظ ہیں، قوم کے بچوں کو ملک کی سڑکوں پر مار کھانے کے لیے چھوڑ دیا ہے، یہ روز اپنے قتل کی نئی کہانی سناتا ہے، ایسے آدمی کو چڑیا گھر میں رکھنا چاہیے اور ٹکٹ لگانا چاہیے۔
مزیدخبریں