ویب ڈیسک: فیصل آباد میں پتنگ ساز فیکٹریوں اور پتنگ فروشوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے، سہولت کاروں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جارہا ہے پولیس یونیفارم میں چھپی کچھ کالی بھیڑیں بھی ملوث، جس پر تھانے کا سارا عملہ معطل کردیا گیا اور سب انسپکٹر کو حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر پنجاب پولیس کی دھاتی ڈور اور پتنگ بازوں کے خلاف مہم جاری ہے جس کے نتیجے گذشتہ روز بھی 100سے زائد قانون شکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
فیصل آباد میں بھی پتنگ ساز فیکٹریوں اور پتنگ فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔اپنے ایک بیان میں سی پی او محمد علی ضیاء نے کہا کہ 12گھنٹوں میں 11 مقدمات درج،6 مینوفیکچررز و دکانداروں سمیت11 افراد گرفتار کئے جبکہ تین ماہ سے جاری کیمپیئن میں مجموعی طور پر 2613مقدمات درج کر کے2773 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔
علاوہ ازیں سی پی اوفیصل آبادنےپتنگ فروشوں کو رشوت لے کر رہا کرنے پرتھانہ غلام محمد آبادفیصل آباد کا سارا عملہ معطل کردیا جبکہ سب انسپکٹر گرفتار کرلیا ہے۔