عمران خان کا ہدف امیر دوستوں کو ایمنسٹی سکیمیں دینا ہے

06:25 AM, 29 May, 2021

اویس
کراچی ( پبلک نیوز) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کا ہدف عام آدمی سے بھاری بھرکم ٹیکس وصول کرکے خزانہ بھرنا اور اپنے امیر دوستوں کو اس خزانے سے ایمنسٹی اسکیمیں دینا ہے، پی ٹی آئی کی معاشی پالیسیاں عوام دوست نہیں بلکہ چند سرمایہ داروں کے مفادات کے گرد گھومتی ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی ملک کی وہ واحد سیاسی جماعت ہے کہ جس کی معاشی پالیسیاں عوام کے مفادات کی ترجمانی کرتی ہیں۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ایک بیان میں کہا کہ عوام دشمن پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کی پارلیمان سے منظوری کو ناکام بنائیں گے، آئی ایم ایف کے تنخواہ دار ملازمین کی جانب سے بنائے گئے بجٹ کی منظوری پاکستان کی خودداری پر ایک حملہ ہوگا، پاکستان پیپلزپارٹی ملک کے معاشی بقا کے خاطر پی ٹی آئی ایم ایف بجٹ کی منظوری روکنے کیلئے جدوجہد کرے گی، ہر بجٹ سے پہلے عمران خان اعلان کرتے ہیں کہ یہ سال ترقی کا ہوگا اور پھر معاشی تباہی کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام دشمن حکومت عوام دوست بجٹ نہیں بناسکتی، عوام پی ٹی آئی کے کرتوتوں کو اچھی طرح سمجھ چکے ہیں، بھاری بھرکم ٹیکسوں کے ذریعے عام آدمی کی جیبوں سے پیسہ نکال کر خزانہ بھرنے کا دعوی کارنامہ نہیں بلکہ شرم کی بات ہے، سخت شرائط پر لئے گئے قرضوں اور ناقابل برداشت ٹیکسوں سے خزانہ بھرنے کا دعوی معاشی ترقی نہیں کہلاتا۔ملک کے عام آدمی کے پاس مہنگی دوا خریدنے تک کے پیسے نہیں ہیں تو وہ خزانہ بھرنے کے عمران خان کے دعووں کا آخر کیا کرے گا؟ دنیا کی مہذب ریاستوں میں معاشی ترقی کا صرف ایک پیمانہ ہے کہ عام آدمی کی زندگی خوشحال ہو، عمران خان کا ہر پاکستانی کو پونے دولاکھ روپے کا مقروض کرکے معاشی ترقی کے گن گانا عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے جیسا ہے۔
مزیدخبریں