بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات، پولنگ کا عمل جاری
06:49 AM, 29 May, 2022
کوئٹہ اورلسبیلہ کے علاوہ بلوچستان کے 32 اضلاع میں آج بلدیاتی الیکشن ہو رہے ہیں اور پولنگ کا عمل جاری ہے یہ الیکشن شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہیں گے۔ تفصیل کے مطابق بلوچستان کے 32 اضلاع میں 5 ہزار 226 پولنگ سٹیشنز ہیں کہ جن میں سے 2 ہزار 54 پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس ہیں، ایک ہزار 974 حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ الیکشن میں 16 ہزار 195 امیدوار مدمقابل ہیں کہ جن میں سے 102 امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ پولنگ سٹیشنز پر پولیس، لیویز اور ایف سی کے جوان تعینات کیے گئے ہیں۔ ڈیرہ بگٹی ،سبی، بارکھان ،پشین ، قلات ، چاغی اور ژوب سمیت سوراب میں بھی پولنگ جاری ہے، ڈپٹی کمشنر سوراب کے مطابق علاقے میں ووٹرز کی کل تعداد 57 ہزار 339 ہے ضلع بھرمیں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئےہیں۔ دوسری طرف بولان کے پولنگ اسٹیشن گورنمنٹ گرلز ہائی سکول بھاگ میں جعلی ووٹ کے اندراج پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کے احتجاج پر پولنگ روک دی گئی ہے مگرکچھ دیر بعد ہی پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کر دیا گیا۔ چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ پولنگ میں کسی قسم کی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور عوام بے خوف و خطر گھروں سے نکلیں اور ووٹ ڈالیں، خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ عوام الیکشن کے دوران کسی قسم کی شکایت کی صورت میں کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔