ملکی معیشت مستحکم کرنے کے لئے کوشاں ہیں ، اسحاق ڈار

01:30 PM, 29 May, 2023

احمد علی
اسلام آباد: سینیٹر اور وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسلام آباد میں بین الاقومی اسلامک بینکنگ کانفرنس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اسلامی بینکنگ کا نظام بہتر بنا رہے ہیں ، غربت پر قابو پانے میں اسلامی فنانسنگ سے مدد مل سکتی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دنیا میں اسلامک فنانسنگ تیزی سے بڑھ رہی ہے اور نان مسلم ممالک میں اسلامک فنانسنگ کا رجحان بڑھ رہا ہے، اسلامک فنانسنگ کے ذریعے حکومتی مالیاتی ضروریات کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ اسحاق ڈارنے کہا کہ اسلامی بینکنگ کیلئے مؤثر اقدامات کر رہے ہیں، یہ کانفرنس اسلامک فنانسنگ میں ہمارے مستقبل کیلئے مشعل راہ ہے، اسلامی بینکنگ کا نظام ہمارے مستقبل کو بہتر بنانے میں مدد دے گا، تمام اسلامی ممالک کے اشتراک سے معاشی چیلنجز سے نکل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک پاکستان میں اسلامک فنانس کے فروغ کیلئے بھرپور کوشش کر رہا ہے اور گورنر سٹیٹ بینک نے اسلامک فنانس کے فروغ کیلئے بڑی محنت کی ہے، اسلامک فنانس سے غربت کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ اسلامک فنانس پاکستان کی معاشی ترقی کیلئے اہم ہے، عالمی سطح پر اسلامک فنانس 4 ہزار ارب ڈالر سے زیادہ ہے، 2026ء میں اسلامک فنانس عالمی معیشت میں 59 ہزار ارب ڈالرز کو پہنچ جائے گا۔ قبل ازیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا تھا کہ ملکی اکانومی کیلئے اسلامک کیپیٹل مارکیٹ سے گروتھ میں بہتری آ رہی ہے، مارکیٹ کا حجم 3 ٹریلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ جمیل احمد نے کہا کہ گذشتہ دس برسوں میں پاکستان میں اسلامک بینکنگ میں 24 فیصد اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک اور ایس ای سی پی مل کر اسلامک فنانس سیکٹر کے فروغ کے لئے اصلاحات کر رہے ہیں، 2027 تک ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔
مزیدخبریں